حکومت ماحولیات کے تحفظ کیلئے سنجیدہ نظر آ رہی ہے‘لاہور ہائیکورٹ

کینال روڈ پر موجود چھوٹے درخت اب بڑے ہو چکے ، انکی افزائش میں برسوں کی محنت شامل ہے

منگل 5 اگست 2025 16:16

حکومت ماحولیات کے تحفظ کیلئے سنجیدہ نظر آ رہی ہے‘لاہور ہائیکورٹ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ حکومت ماحولیات کے تحفظ کیلئے سنجیدہ نظر آ رہی ہے۔لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی، جس دوران ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت ایڈووکیٹ جنرل نے کینال روڈ یلو ٹرین منصوبے سے متعلق عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ منصوبے کا پی سی ون ابھی تک تیار نہیں کیا گیا، کینال روڈ سے متعلق فی الحال کوئی باضابطہ دستاویز یا ریکارڈ موجود نہیں۔امجد پرویز نے یقین دہانی کروائی کہ اگر حکومت مستقبل میں کینال روڈ پر یلو ٹرین منصوبہ لاتی ہے تو اس کا پی سی ون عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عدالت نے اس موقع پر واضح ہدایات جاری کیں کہ اگر ایسا کوئی منصوبہ پیش کیا جائے تو اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ درختوں کو نقصان نہ پہنچے، کینال روڈ پر موجود چھوٹے درخت اب بڑے ہو چکے ہیں، ان کی افزائش میں برسوں کی محنت شامل ہے اور یہ علاقہ قومی ورثہ قرار دیا جا چکا ہے۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز کی سنجیدہ قانونی معاونت پر ان کی تعریف کی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ماحولیات سے متعلق کافی سنجیدہ دکھائی دیتی ہے اور عملی اقدامات بھی کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ عدالت یہ سماعت شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی جانب سے دائر کردہ درخواستوں پر کر رہی تھی جن میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے مثر حکومتی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔