پنجاب ریونیو اتھارٹی کی محصولات میں اپریل 2025کے دوران 26 فیصد کا نمایاں اضافہ

جمعہ 9 مئی 2025 12:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) پنجاب ریونیو اتھارٹی(پی آر اے) کی محصولات میں اپریل 2025کے دوران 26 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پی آر اے کے اعدادو شمار کے مطابق اس دوران ٹیکس وصولیوں کا حجم 23.7ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں اپریل 2024 کے دوران پی آر اے کے ٹیکس محصولات کا حجم 18.8ارب روپے رہا تھا۔ اس طرح اپریل 2024 کے مقابلہ میں اپریل 2025کے دوران پنجاب ریونیو اتھارٹی کی ٹیکس وصولیوں میں 4.9 ارب روپے یعنی 26 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10ماہ میں جولائی 2024 تا اپریل 2025کے دوران پی آر اے نے 214 ارب روپے کی وصولیاں کی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران محصولات کا حجم 199.6ارب روپے رہا تھا۔

(جاری ہے)

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی 10ماہ میں پی آر اے کے ٹیکس محصولات میں 14.4 ارب روپے یعنی 16 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران پی آر اے کی سیلز ٹیکس وصولیوں میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔اسی طرح پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (پی آئی ڈی سی) کے محصولات میں 23 فیصد جبکہ پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی وصولیوں میں 43 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ٹیکس کی شرح میں اضافے یا کسی نئے ٹیکس کے نفاذ کے بغیر پی آر اے نے رواں مالی سال میں 214 ارب روپے کے ٹیکسز وصول کئے ہیں جو ادارہ کی کارکردگی، ٹیکس محصولات کے دائرہ کار میں اضافہ اور آئی ٹی کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کے ذریعے ممکن ہوئے ہیں۔\395