Live Updates

اسلامو فوبیا کے خلاف اقوام متحدہ نے خصوصی نمائندہ مقرر کر دیا

یہ اقدام پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، عاصم افتخار

جمعہ 9 مئی 2025 13:47

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی اسلامو فوبیا کے خلاف اہم قدم اٹھاتے ہوئے میگوئل آنخیل موراتینوس کو خصوصی نمائندہ مقرر کر دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق موراتینوس اس وقت اقوام متحدہ کے اتحاد برائے تہذیبوں میں انڈر سیکرٹری جنرل اور اعلی نمائندے کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ان کی تقرری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 78/264 کے تحت عمل میں آئی، جس میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے اس تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اسلامو فوبیا کے خلاف جدوجہد اور رواداری، احترام، اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

عاصم افتخار نے مزید کہا کہ ہم نفرت اور امتیاز کے خلاف متحد ہیں۔موجودہ عالمی حالات میں جب مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیے اور امتیازی سلوک میں اضافہ ہو رہا ہے ایسے وقت میں خصوصی نمائندے کی تقرری بروقت اور نہایت ضروری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اس مینڈیٹ کی مکمل حمایت کرے گا اور بین المذاہب ہم آہنگی و فہم کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات