کمشنر نصیرآباد ڈویژن کا امتحانی مراکز کا دورہ، شفاف امتحانات یقینی بنانے کی ہدایات

جمعہ 9 مئی 2025 18:24

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) کمشنر نصیرآباد ڈویژن معین الرحمٰن نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ کمشنر نے ایف اے اور ایف ایس سی کے سالانہ امتحانات کے سلسلے میں قائم مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا ۔انہوں نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں ڈیرہ مراد جمالی میں قائم امتحانی مراکز میں نقل کی روک تھام کے حوالے سے کیے گئے انتظامات، سیکیورٹی صورتحال، نظم و ضبط اور دیگر ضروری اقدامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

کمشنر نے امتحانی مراکز میں موجود انتظامی عملے اور نگرانوں سے ملاقات کی اور ان پر زور دیا کہ امتحانات میں شفافیت اور غیرجانبداری کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ نقل کے رجحان کی سختی سے بیخ کنی کی جائے تاکہ محنتی طلبا و طالبات کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی نہ ہو۔اس موقع پر کمشنر معین الرحمٰن نے کہا کہ نصیرآباد ڈویڑن میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کسی کو بھی امتحانی نظام کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔\378