Live Updates

ترقیاتی پروگرام کی تیاری کےلئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کاعوامی نمائندگان کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری

جمعہ 9 مئی 2025 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ڈویژنز کی سطح پر نئے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے لئے منتخب عوامی نمائندگان کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں کوہاٹ ڈویژن کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے ایک اہم مشاورتی اجلاس جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔

کوہاٹ ڈویژن کے پانچوں اضلاع کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ وزیر اعلی کے مشیر برائے خزانہ، محکمہ منصوبہ بندی اور ڈویژنل انتظامیہ کوہاٹ کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں کوہاٹ ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پراب تک کی پیشرفت اور فنڈز الوکیشن کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے کوہاٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے بارے سیکٹر وائز بریفنگ بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

مزید برآں اجلاس کو اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لئے مجوزہ منصوبوںسے بھی تفصیلاً آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اگلے بجٹ میں تکمیل کے قریب منصوبوں کی تکمیل کے لئے سو فیصد فنڈز مختص کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگلے بجٹ میں جاری منصوبوں کی جلد تکمیل ہماری پہلی ترجیح ہوگی۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگلے مالی سال کے ترقیاتی فنڈز کا 80 فیصد حصہ جاری منصوبوں کے لئے مختص کیا جائے گاتاہم اشد عوامی ضرورت کی بنیاد پر نئے منصوبے بھی ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جائیں گے۔

اگلے ترقیاتی پروگراموں میں شامل کرنے کے لئے نئے ترقیاتی منصوبوں کو متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے حتمی شکل دے رہے ہیں۔اُنہوں نے متعلقہ حکام کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جانے والے نئے منصوبوں کی فیزیبلٹی اور پی سی ونز بروقت تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نئے ترقیاتی پروگرام میں جنوبی اضلاع میں پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔

اسی طرح اُنہوں نے کہاکہ اگلے بجٹ میں ٹیوب ویلز سولرائزیشن کے تمام منصوبوں کو فل فنڈ کیا جائے گا۔ اجلاس میں کوہاٹ ڈویژن میں تیل وگیس کے پیداواری اضلاع کے لئے رائلٹی کے فنڈز سے متعلق معاملات پر بھی غوروخوض کیا گیا۔وزیراعلیٰ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اگلے بجٹ میں کوہاٹ ڈویژن کو رائلٹی کے شیئر کا سو فیصد دیا جائے گاجبکہ کرم میں امن کی بحالی کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے والی قوموں اور علاقوں کے لئے ترقیاتی پروگرام میں خصوصی پیکیج رکھا جائے گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات