مظفر آباد، موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے آگاہی مہم اور فرضی مشقوں کا سلسلہ جاری

جمعہ 9 مئی 2025 22:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) مظفر آباد میں موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے آگاہی مہم اور فرضی مشقوں کا سلسلہ جاری۔ سیکرٹری شہری دفاع چوہدری محمد فرید اور ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس ابرار اعظم کی ہدایت پر ڈائریکٹریٹ جنرل سول ڈیفنس اور ضلع مظفرآباد کے آفیسران پر مشتمل ٹیم نے محکمہ ان لینڈ ریوینو کے ملازمین کے لیے ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جبکہ اس کے ساتھ ہی فرضی مشقوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔

اس کا مقصد ملازمین کو موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر ہوائی حملوں یا دیگر خطرات اور جنگ کی صورت میں محفوظ پناہ گاہوں کی طرف انخلاکے طریقہ کار کی تربیت دی گئی۔ اس کے ساتھ ایسے حالات میں مربوط اور مناسب ردعمل دکھانے کے طریقہ کار کے حوالے سے آگاہی سیشن اور عملی مشق کے علاؤہ شہری دفاع کے نظام انتباہ یعنی ارلی وارننگ سسٹم کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور علامتی سائرن بجائے گئے۔

(جاری ہے)

محکمہ شہری دفاع کی جانب سے ڈائریکٹر شہری دفاع صداقت حسین میر، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہیر راٹھور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نوید الحسن بخاری، چیف انسٹرکٹر صنم نقوی، ثوبیہ احمد شاہ، ذیشان قریشی اور انسٹرکٹر باسط مغل نے ڈرل موک ایکسرسائزز کروائیں۔ سیکرٹری ان لینڈ ریوینیو چوھدری محمد رقیب سمیت محکمہ کے افسران واہلکاران نے سول ڈیفنس کی اس ایکسرسائز میں حصہ لیا۔سیکرٹری ان لینڈ ریونیو نے اس ڈرل/موک ایکسرسائز کو سراہتے ہوئے مستقبل میں ایسی ایکسرسائزز جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ یاد رہے کہ ناظم اعلی شہری دفاع کی ہدایت پر موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مختلف محکمہ جات، سکولوں اور دیگر اداروں میں فرضی مشقوں کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :