Live Updates

ہماری فوج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے، سردار سیف اللہ خان رند

جمعہ 9 مئی 2025 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) مرکزی نائب صدر مسلم لیگ ق سردار سیف اللہ خان رند نے پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو بھارتی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی محافظ ہیں۔ ہم دہشت گردی اور بیرونی جارحیت کے خلاف جاری جنگ میں اپنی افواج کی بے مثال قربانیوں اور شجاعت کا بھرپور اعتراف کرتے ہوئے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

یہاں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے غیور اور بہادر عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،ہم سب کو متحد رہنا ہے اور کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہیں دھرنا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے۔

(جاری ہے)

دشمن مکار ہے ہمیں ہوشیار اور مضبوطی کے ساتھ کھڑے رہنا ہوگا ۔انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف حالیہ اشتعال انگیزی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس کا نوٹس لے اور بھارت کو اس کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات پر جوابدہ بنائے ۔

انہوں نے تمام سیاسی پارٹیوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اندرونی اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنی افواج کا ساتھ دیں،اس نازک وقت میں ہمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیشہ کی طرح ایک مضبوط اور پرعزم قوم بننا ہے اور اپنی افواج کی بے لوث خدمات پر ان کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اسی عزم اور حوصلے کے ساتھ اپنی مسلح افواج کے ساتھ قومی خودمختاری کے دفاع میں کھڑی ہے۔\395
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات