جنگی حالات کے پیش نظر فیصل آبادڈویژن کے چاروں اضلاع میں کنٹرول قائم کردیئے گئے

ہفتہ 10 مئی 2025 11:54

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2025ء)کمشنر فیصل آباد ڈویژن مریم خان کی خصوصی ہدایت پر جنگی حالات کے پیش نظر فیصل آبادڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنر آفسزمیں کنٹرول قائم کردیئے گئے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گمراہ کن اطلاعات پر توجہ نہ دیں اور کسی بھی ایمرجنسی صورتحال کی اطلاع فوری اپنی ضلعی انتظامیہ کے فون نمبرز پر فراہم کریں۔

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کیذذ ترجمان نے بتایا کہ فیصل آباد کے کنٹرول روم کا نمبر041-9201491اور 041-9201492جبکہ واٹس ایپ نمبرز 0340-1145883اور 0309-0669362 ہیں،اسی طرح جھنگ کے کنٹرول روم کا نمبر0479330005،چنیوٹ کے کنٹرول روم کاذذ نمبر0476331246 اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے کنٹرول روم کا نمبر 0469201003 ہے۔

(جاری ہے)

کمشنرفیصل آباد مریم خان کا کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستانی قوم کو للکار کر تاریخی غلطی کی جسے اس کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن رات کے اندھیرے میں بچوں اور خواتین کو نشانہ بناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کیلئے دفاع کی فرضی مشقوں کا مقصد کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال میں فوری رسپانس کرنا ہے لہٰذا شہری حکومت پنجاب کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔دریں اثناکمشنر فیصل آباد ڈویژن مریم خان کی ہدایت پر پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں چاروں اضلاع کی انتظامیہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، اس ضمن میں ریسکیو،سول ڈیفنس اور پولیس سمیت ضلعی محکموں کی جنگی صورتحال بارے فرضی مشقوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اورگزشتہ روز جھنگ،چنیوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈپٹی کمشنرز کی زیر نگرانی فرضی مشقیں کرائی گئیں۔

علاوہ ازیں ڈویژن میں طلبہ کو ایمرجنسی صورتحال میں حفاظتی اقدامات بارے تربیتی سیشنز کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔فرضی مشقوں میں طلبااور شہریوں کو میڈیکل ٹریٹمنٹ سے آگاہ اور بچاؤ کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ضلعی محکموں نے شہریوں اور طلبا کو محفوط مقامات پر منتقل کرنے کا بھی مظاہرہ کیا۔ فرضی مشقوں میں شریک طلبا،سول سوسائٹی اور فورسز نے بھرپور ملی جذبے کا مظاہرہ کیا۔