Live Updates

پاکستان کو کمزور نہ سمجھا جائے ورنہ سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفیٰ کمال

ہفتہ 10 مئی 2025 15:50

پاکستان کو کمزور نہ سمجھا جائے  ورنہ سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2025ء) وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفیٰ کمال نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو کمزور سمجھنا سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں ہفتہ کو وفاقی وزیر نے پاکستان کی خودمختاری کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے، پاکستان اور غزہ میں واضح فرق ہے۔

انہوں نے معصوم پاکستانیوں شہریوں کے خلاف بھارت کی بزدلانہ جارحیت اور خطے کو دہشتگردی کی آماجگاہ بنانے کے بھارتی کردار کی بھی شدید مذمت کی۔ وفاقی وزیر نے زور دے کر کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے اور ہم اپنی خودمختاری اور سالمیت کا دفاع جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور بھارت ہماری خودمختاری اور سالمیت کو چیلنج نہ کرے ورنہ بھارت کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی مسلح افواج پر غیر متزلزل یقین اور فخر کرتا ہے جو قومی طاقت کی علامت ہیں۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ وردی میں ملبوس ہمارے بہادر مرد اور خواتین پاکستان کی خودمختاری ،شہروں اور عوام کے محافظ ہیں جو قومی عزت ووقار کو بلند رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی بھی صورتحال کےلئے ذہنی طور پر تیار رہنے کی ضرورت ہے تاکہ اگر جنگ ہو تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں زندگی کے ہر پہلو میں رہنمائی فراہم کرتا ہے، ہم اپنے عقائد اور اقدار سے طاقت حاصل کرتے ہیں جو ہمیں بحیثیت قوم فخر سے سر بلند رہنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات