Live Updates

محبوبہ مفتی کا بھارت سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کا مطالبہ

ہفتہ 10 مئی 2025 17:43

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں پہل کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جنگ جاری رہنے کی صورت میں پورے خطے میں شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ ہمارے خطے کے عوام طویل عرصے سے اس طرح کے تنازعات کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور ایک ابھرتی ہوئی عالمی طاقت کے طور پر محاذ آرائی پر سفارت کاری کو ترجیح دیکر ایک مثال قائم کرے۔انہوں نے نئی دہلی پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرے اور اشتعال انگیزی کے بجائے امن کے ذریعے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ ظاہر کرنا چاہیے کہ اس کی اصل طاقت اس کے جوہری ہتھیاروں میں نہیں بلکہ امن اور بات چیت کے عزم میں ہے۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ مسلسل فوجی محاذ آرائی سے خطے میں طویل عدم استحکام پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہاکہ جوابی کارروائی سے صرف تشدد کا یہ چکر جاری رہے گا اور حقیقی قیادت وہ ہوتی ہے جو اس چکر کو توڑ دے۔ ہمیں مزید تنازعات کی طرف نہیں بلکہ ایک ایسے مستقبل کی طرف آگے بڑھنا چاہیے جہاں ہمارے بچے جنگ کے بغیر رہ سکیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات