بنگلہ دیش،طلبہ کا احتجاج رنگ لے آیا، شیخ حسینہ واجد کی پارٹی عوامی لیگ پر پابندی عائد

اتوار 11 مئی 2025 11:20

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ کی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق بنگلہ دیشی حکومت کے قانونی امور کے مشیر آصف نذرل نے عوامی لیگ کی سرگرمیوں پر پابندی کے حوالے سےگزشتہ رات گئے صحافیوں کو آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ نوبل امن انعام یافتہ محمد یونس کی سربراہی میں عبوری کابینہ نے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت عوامی لیگ کی آن لائن اور دیگر جگہوں پر سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک کہ کوئی خصوصی ٹریبیونل گذشتہ برس جولائی اور اگست میں حکومت مخالف احتجاج کے دوران سینکڑوں مظاہرین کی ہلاکتوں پر مقدمے کی سماعت مکمل نہیں کر لیتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کابینہ کے خصوصی اجلاس کے بعد مزید بتایا کہ اس فیصلے کا مقصد قومی سلامتی اور خودمختاری کو یقینی بنانا ہے۔یاد رہے کہ جولائی 2024 میں طلبہ و طالبات نے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم ختم کرانے کے لیے احتجاج شروع کیا تھا جو بعد میں پرتشدد مظاہروں میں بدل گیا اور سینکڑوں اموات کا سبب بنا۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے رواں برس فروری میں ایک رپورٹ شائع کی تھی جس میں حسینہ واجد کی حکومت کے خلاف مظاہروں کے تین ہفتوں کے دوران 1400 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔