افواجِ پاکستان کے کارنامے سنہری حروف میں لکھے جائیں گے‘ملک افضل کھوکھر

مودی کا جنگی جنون اسی کے گلے پڑ گیا ،دنیا بھارت کی جنگی جارحیت ،جھوٹے پروپیگنڈے کو پہچان چکی

اتوار 11 مئی 2025 11:25

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘دنیا کی تاریخ کا کامیاب ترین آپریشن ہے، جس نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو دنیا کے سامنے نمایاں کر دیا،پاکستانی فوج نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دنیا کی بہترین اور پروفیشنل ترین افواج میں سے ہے،افواجِ پاکستان کے کارنامے سنہری حروف میں لکھے جائیں گے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی کا جنگی جنون آخرکار اسی کے گلے پڑ گیا ہے اور اب دنیا بھارت کی جنگی جارحیت اور جھوٹے پروپیگنڈے کو پہچان چکی ہے۔بھارت نے پاکستان کے صبر کو کمزوری سمجھا مگر ہماری پُرعزم اور ذمہ دار قیادت نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

(جاری ہے)

پچھلے چار سے پانچ دنوں سے بھارت مسلسل جھوٹ اور پروپیگنڈے کے ذریعے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن پاکستانی فوج نے صرف چار گھنٹوں میں دشمن کو مؤثر جواب دے کر خاموش کر دیا۔

ملک افضل کھوکھر نے کہا کہ پاکستان نے دن کے اجالے میں بھارت کو جواب دیا، جو ہمارے اعتماد اور شفافیت کا ثبوت ہے۔ الحمدللہ، پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں اور افواجِ پاکستان نے چند گھنٹوں میں بھارتی فوج اور اس کے بیانیے کو مکمل طور پر ایکسپوز کر دیا ہے اور پاکستان جیت گیا۔