مرکزی جمعیت اہلحدیث کی بنیان مرصوص آپریشن کی کامیابی پر پاک فوج کو مبارکباد

افواجِ پاکستان نے جس جرات سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا وہ قوم کے لیے باعث فخر ہے‘ ڈاکٹر علی محمد ابوتراب

اتوار 11 مئی 2025 14:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2025ء)قائمقام امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان مولانا ڈاکٹر علی محمد ابوتراب نے بنیان مرصوص آپریشن کی کامیاب تکمیل پر پاک فوج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے جس جرات، حکمت اور ایمان کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بنیان مرصوص صرف ایک آپریشن نہیں بلکہ یہ پوری قوم کے عزم، اتحاد اور افواجِ پاکستان کی غیرمتزلزل قربانیوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے سپاہیوں پر فخر ہے جنہوں نے ایمان، تقوی اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔یقینا یہ کامیاب اپریشن وطنِ عزیز کے تحفظ کی روشن علامت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ وطنِ عزیز کی سرحدوں کی محافظ ہی نہیں بلکہ نظریاتی اساس کی امین بھی ہے۔

پوری قوم، بالخصوص مرکزی جمعیت اہل حدیث، افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔مولانا ڈاکٹر علی محمد ابوتراب نے مزید کہا کہ بنیان مرصوص جیسا نام نہ صرف قرآن سے ماخوذ ہے بلکہ یہ آپریشن کی روحانی طاقت اور وحدتِ صف کی بہترین عکاسی کرتا ہے۔ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے، اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان، پاک فوج کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتی ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالی وطنِ عزیز کو ہر قسم کی اندرونی و بیرونی سازشوں سے محفوظ فرمائے۔ اللہ تعالی پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے اور ہمارے جوانوں کو کامیابیاں عطا فرمائے۔