Live Updates

نیویارک میں پاکستانی نژاد امریکیوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف مسلح افواج کے سخت ردعمل کا جشن منایا

پیر 12 مئی 2025 04:30

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) ممتاز پاکستانی امریکی سیاسی گروپ کی جانب سے حالیہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے مضبوط اور باوقار دفاع کی یاد میں نیویارک میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے تقریب میں خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ارکان سمیت مختلف کمیونٹی تنظیموں کے رہنما، پیشہ ور صحافی اور ماہرین تعلیم بھی موجود تھے۔

مقررین نے پاکستان کی فوجی قیادت کے تحمل، دانشمندی اور مدبرانہ طرز عمل کی تعریف کی۔ انہوں نے تنازعات اور تمام مسائل کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے عوام کے مفاد میں بات چیت اور تعاون کو دشمنی پر غالب آنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اس تقریب نے پاکستان کی قومی سلامتی اور سفارتی موقف کی عکاسی کرتے ہوئے اتحاد اور اجتماعی حمایت کیلئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا۔

قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح کے الفاظ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے پرامن بقائے باہمی کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اورکہا کہ ملک اپنی خودمختاری اور قومی وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے بھارت کے بے بنیاد الزامات اور علاقائی بیانیہ کو تبدیل کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی مسلح افواج پیشہ ورانہ مہارت میں بے مثال ہیں اور انہوں نے ایک بار پھر تزویراتی اور حکمت عملی کی برتری کا مظاہرہ کیا ہے۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی پائیدار طاقت اور اقدار پر مبنی اتحاد ،لچک اور فخر کے اجتماعی پیغام کے ساتھ ہوا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات