سکول ایجوکیشن کے کلاس فور ملازمین کو تنخواہیں جاری کرنے کا حکم

پیر 12 مئی 2025 13:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے کلاس فور کے ایک سو ملازمین کو تنخواہیں جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس عابد حسین نے محمد ذیشان سمیت دیگر 99 ملازمین کی درخواستوں پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

ملازمین کی جانب سے سینئر قانون دان چوہدری آصف شہزاد عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سی ای او ایجوکیشن لاہور بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت سی ای او نے ایک ہفتے میں تنخواہیں جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نومبر سے تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں اور تنخواہ روکنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔