تلنگانہ میں ہندوانتہاپسندوں کی’’ کراچی بیکری‘‘ میں توڑ پھوڑ ، نام تبدیل کرنے کا مطالبہ

جائے وقوعہ پر موجود پولیس اہلکاروں نے انتہاپسندوںکو املاک کو نقصان پہنچانے سے روکنے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی

پیر 12 مئی 2025 15:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)بھارتی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں بی جے پی ، آر ایس ایس اوربجرنگ دل سے وابستہ ہندو انتہاپسندوں نے’’ کراچی بیکری ‘‘کی انتظامیہ سے نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس میں توڑ پھوڑ کی جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہندو انتہاپسندوں نے دوپہر کے قریب بھگوا جھنڈے اور لاٹھیاں اٹھائے بیکری کی طرف مارچ کیا اور سائن بورڈ کو نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

جائے وقوعہ پر موجود پولیس اہلکاروں نے انتہاپسندوںکو املاک کو نقصان پہنچانے سے روکنے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی۔کراچی بیکری کی انتظامیہ نے حال ہی میں واضح کیا تھا کہ اس برانڈ کی بنیاد حیدرآباد میں رکھی گئی تھی اور اس کا نام ان کی شہریت کی نہیں بلکہ دیرینہ وراثت کی عکاسی کرتا ہے۔ بیکری نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر لکھاکہ کراچی بیکری 100%بھارتی برانڈ ہے، جس کی بنیاد حیدرآباد میں 1953میں رکھی گئی تھی۔ ہمارا نام ہماری تاریخ کا حصہ ہے، ہماری شہریت کا نہیں۔ ہم ایک بھارتی برانڈ ہیں جوبھارت کی خدمت کر رہا ہے۔