لاہور والٹن روڈ پر بھارتی حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، فوجی افسران و جوانوں ، سیاسی و سماجی رہنمائوں ، عوام کی بڑی تعداد میں شرکت

پیر 12 مئی 2025 15:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) لاہور والٹن روڈ پر بھارتی حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے حوالدار محمد نوید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔پاک فوج کے شہید حوالدار محمد نوید کی نماز جنازہ حاجی کیمپ گراؤنڈ سر گودھا روڈ فیصل آباد میں ادا کی گئی۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ میں پا ک فوج کے افسران و جوانوں، مسلم لیگ (ن) کے رہنما مہر حامد رشید، آرپی او ذیشان اصغر،سی پی او صاحبزادہ بلال عمر،سول ڈیفنس اہلکاران، سیاسی و سماجی شخصیات،علما کرام،طالب علموں،عزیز واقارب،اہل علاقہ سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ میں پاک فوج کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔ شہید کے پسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹا اور چار بیٹیاں شامل ہیں۔ شدید زخمی حوالدار محمد نوید اتوار کو شہید ہو گئے تھے۔ شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔آرمی کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور شہید کے بلند درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔