مانسہرہ،ڈسڑکٹ یوتھ آفس کی قلب فاؤنڈیشن کے تعاون سے آپریشن "بنیان مرصوص" کی شاندار کامیابی پر ریلی

پیر 12 مئی 2025 20:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2025ء) ڈسڑکٹ یوتھ آفس مانسہرہ نے قلب فاؤنڈیشن کے تعاون سے آپریشن "بنیان مرصوص" کی شاندار کامیابی پر ریلی کا انعقاد کیا۔ ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال خٹک اور ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ یوتھ آفس نے سوموار کے روز قلب ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعاون سے آپریشن "بنیان مرصوص" کی شاندار کامیابی پر یوم فتح مناتے ہوئے ریلی کا انعقاد کیا۔

(جاری ہے)

ریلی ڈسٹرکٹ کونسل سے شروع ہو کر کشمیر چوک پر اختتام پزیر ہوئی،ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر بفہ نیاب عباسی اور ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر عثمان سعید نے کی جس میں نوجوانوں،رضاکاروں اور طلبہ سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ آپریشن "بنیان مرصوص" کی شاندار کامیابی نے دشمن کے ہوش ٹھکانے لگا دئیے ہیں،اس آپریشن میں وطن کے سپاہیوں کی بہادری اور قربانی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی،پاک فوج اور فضائیہ نے جس طرح دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے وہ پوری قوم کے لیے قابل فخر ہے،یہ ریلی محض ایک تقریب نہیں بلکہ وطن کی محبت،افواج پاکستان سے عقیدت اور ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف یکجہتی کا ایک پیغام ہے۔