Live Updates

م*پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا "صلاحیت بڑھاؤ، اپنا کماؤ" پروگرام کاپہلا مرحلہ مکمل

ں* پاکستان کو آئی ٹی پارک بنائیں گے، جلد دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گا،ملک وقاص سعید

پیر 12 مئی 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2025ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا دس روزہ "صلاحیت بڑھاؤ، اپنا کماؤ" ڈیجیٹل روزگار پروگرام کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔ یہ پروگرام یکم مئی سے 10 مئی تک جاری رہا جس میں روزانہ دو گھنٹے کی آن لائن کلاسز کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرکے خود روزگار کے مواقع فراہم کرنا تھا۔

دس روزہ "اپنا کماؤ" پروگرام میں پاکستان بھر سے ایک لاکھ سے زائد افراد نے بھرپور شرکت کی۔ کلاسز کو یوٹیوب، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر براہ راست نشر کیا گیا جبکہ ملک بھر میں تین ہزار سے زائد فزیکل کلاس رومز کا بھی بندوبست کیا گیا جہاں مرد، خواتین اور بچے باقاعدگی سے شرکت کرتے رہے۔

(جاری ہے)

کئی گھروں میں بھی خاندانوں نے اجتماعی طور پر کلاسز اٹینڈ کیں، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی اس پروگرام میں دلچسپی لی اور آن لائن کلاسز میں شرکت کی۔

بھارت کی جانب سے کشیدگی اور خطے کی حساس صورتحال کے باوجود نوجوانوں کی بڑی تعداد باقاعدگی سے کورس میں شرکت کر تی رہی۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ڈیجیٹل میڈیا ہیڈ ملک وقاص سعید نے دس روز تک سبق پڑھائے اور شرکائ کے سوالات کے جوابات دیئے۔ملک وقاص سعید کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام اللہ تعالیٰ کے فضل سے کامیابی سے مکمل ہوا ہے اور اس کا اگلا مرحلہ جلد شروع کیا جائے گا۔

جن افراد نے کلاسز مکمل کی ہیں، انہیں اسناد (سرٹیفکیٹس) جاری کی جائیں گی۔ سرٹیفکیٹس کے اجرائ کا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔ "اپنا کماؤ" کے دوسرے مرحلے اور مزید نئے کورسز کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ڈیجیٹل دنیا میں باعزت روزگار حاصل کر سکیں،ہم پاکستان میں اس پروگرام کو قومی تحریک بنائیں گے اور وطن عزیز کو آئی ٹی پارک میں تبدیل کریں گے ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات