کنٹرولر امتحانات کا مختلف امتحانی مراکز کا ہنگامی دورہ

منگل 13 مئی 2025 19:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول 2025 کے امتحانات کے سلسلے میں اٹک کے مختلف امتحانی مراکز کا غیر اعلانیہ ہنگامی دورہ کیا۔ ان مراکز میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول شادی خان اٹک اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فاروویمن حسن ابدال شامل تھے۔

کنٹرولر امتحانات نے امتحانی عملے سے ملاقات کی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت، امتحانی پرچوں کی تقسیم، طلبہ کی شناخت اور حاضری کے ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے طلبہ سے بھی براہ راست مختصر گفتگو کی اور ان سے امتحانی ماحول کے بارے میں رائے لی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تنویر اصغر اعوان نے کہا کہ بورڈ کا اولین مقصد ایک شفاف، غیرجانبدار اور میرٹ پر مبنی امتحانی نظام کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ''بوٹی مافیا کے لیے کسی قسم کی گنجائش نہیں چھوڑی جائے گی۔ جو بھی نقل یا بدعنوانی میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔''انہوں نے مزید کہا کہ تمام ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ کی جا رہی ہے۔ بورڈ کی جانب سے تمام امتحانی مراکز میں ویجیلینس سکواڈز تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کو فوری روکا جا سکے۔تنویر اصغر اعوان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بورڈ طلبہ کی قابلیت اور محنت کا مکمل احترام کرتا ہے اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ امتحانی نتائج مکمل شفافیت کے ساتھ جاری کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :