پاک فوج کے آپریشن ’’بُنیان مرصوص‘‘نے بھارتی فوجی جارحیت کا بھرپور اور موثر جواب دیا ہے،ڈی جی آر ڈی اے

منگل 13 مئی 2025 19:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) ڈائریکٹر جنرل آرڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پاک فوج کے آپریشن ’’ بُنیان مرصوص‘‘نے دشمن ملک بھارت میں بھارتی افواج کو بھرپور اور مؤثر جواب نے دیا ۔ ترجمان راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی آر ڈی اے نے کہا کہ بھارت نے حملے میں پہل کرتے ہوئے پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری سمجھنے کی سنگین غلطی کی، جس کا منہ توڑ جواب دیا گیا ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاک افواج نے بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور پاک فضائیہ کے شاہین دشمن پر قہر بن کر ٹوٹے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو نہ صرف عسکری بلکہ اخلاقی برتری بھی حاصل ہے اور پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے،ہمارے بے گناہ شہریوں کی شہادت کا حساب لیا جا چکا ہے اور دشمن کو اس کی جارحیت کا بھرپور خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔ ڈی جی آرڈی اے نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ پاکستان کی سرزمین کے دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے اور دشمن کے کسی بھی اقدام کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔