قلعہ سیف اللہ براستہ لورالائی رکھنی شاہراہ کو بواٹہ فورٹ منرو تک دو رویہ کرنے کی منظوری این ایچ اے نے دے دی ہے ،سردار یعقوب خان ناصر

منگل 13 مئی 2025 22:05

لورالائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی سردار یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ قلعہ سیف اللہ براستہ لورالائی رکھنی شاہراہ کو بواٹہ فورٹ منرو تک دو رویہ کرنے کی منظوری این ایچ اے نے دے دی ہے جبکہ لورالائی بائی پاس کی تعمیر بھی بہت جلد شروع ہو جائیگی ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لورالائی کیلئے گیس پائپ لائن یا ڈپو کی حتمی منظوری کیلئے اقدامات جاری ہیں انہوں نے کہا کہ وفاق بلوچستان کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہے اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق کے پاس صوبے کو دینے کیلئے وسائل نہیں ہیں تمام فنڈز صوبوں کو منتقل ہوچکے ہیں جبکہ اختیارات بھی صوبوں کے پاس ہے قومی اسمبلی کے ممبران کے پاس کچھ نہ بچا ہم سے صوبائی حکومت فنڈز اور ٹرانسفر کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کرتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں تین قائمہ کمیٹیوں کارکن ہوں عوامی مسائل پر ہمیشہ بھرپور اواز اٹھاتا ہوں جب تک ہمیں سنجیدہ نہیں لیا جائیگا عوام کے مسائل جوں کے توں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شبوزئی تا تونسہ اور سپیرہ راغہ روڈ پر بھی کام کے رفتار کو تیز کرنے پر وفاق میں بات کی ہے لیکن یہ صوبے کے دائرہ اختیار میں آتا ہے میں وزیر اعلی ، صوبائی وزیر منصوبہ بندی اور چیف سیکرٹری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ان دونوں عوامی نوعیت کے سڑکوں کی جلد تعمیر کے لئے فنڈز ریلیز کریں تاکہ بروقت کام کو مکمل کیا جاسکے۔