Live Updates

قازقستان کے سفیر یرژان کیسٹافن کی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات،ریلوے کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے پر گفتگو

بدھ 14 مئی 2025 19:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)وزارت ریلوے میں قازقستان کے سفیر یرژان کیسٹافن نے وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان ریلوے کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہم دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور ترقیاتی تعلقات کو مزید بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔

اس موکے پر قازقستان کے سفیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ کئی نئے اور اہم معاہدوں پر سنجیدہ بات چیت جاری ہے، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں ایک اہم موضوع ٹرین کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاستوں اور پاکستان کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے پر بات کی گئی۔ وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی کنیکٹیوٹی کے لیے نئے راستے ٹرین کے ذریعے بنائے جانے چاہیے تاکہ تجارتی تعلقات اور لوگوں کے درمیان روابط کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

ملاقات کے دوران قازقستان کے سفیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ریلوے کے شعبے میں مزید تعاون ممکن ہے اور اس بات پر غور کیا گیا کہ مستقبل میں وسطی ایشیائی ریاستوں سے پاکستان میں درآمدات کو ٹرین کے ذریعے انجام دیا جا سکے۔ سفیر نے اس پر کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف تجارتی روابط کو بہتر بنایا جائے گا بلکہ یہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں بھی مزید استحکام لائے گا۔

اس کے علاوہ، وزیر ریلوے نے کہا کہ دوسرے برادر مسلم ممالک جیسے آذربائیجان اور ترکمانستان کو بھی اس میں شامل کیا جا سکتا ہے تاکہ پورے خطے میں اقتصادی ترقی اور رابطوں کو فروغ دیا جا سکے۔یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور ترقیاتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ایک اہم کڑی ثابت ہو گی اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان ریلوے کے شعبے میں نئے امکانات کے دروازے کھلیں گے۔

سفیر نے وزیر ریلوے حنیف عباسی کو ریلوے کی وزارت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔وزیر ریلوے حنیف عباسی نے قازقستان کے سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘ہم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے تیار ہیں اور ہر سطح پر تعاون بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔ملاقات کے اختتام پر قازقستان کے سفیر نے وزیر ریلوے حنیف عباسی کو قازقستان کے دورے کی دعوت دی، تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات