شام پرامریکی پابندیاں اٹھانا ضروری قدم تھا،سعودی وزیرخارجہ

غزہ کے لیے انسانی امداد غیر مشروط ہونی چاہیے،فیصل بن فرحان کی گفتگو

جمعرات 15 مئی 2025 13:58

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ شام پر امریکی پابندیوں کا خاتمہ ناگزیر تھا تاکہ دمشق میں سیاسی و معاشی استحکام ممکن بنایا جا سکے۔ عرب ٹی وی سے گفتگومیں ان کا کہنا تھا کہ ریاض اور واشنگٹن پابندیوں کے خاتمے کے عملی پہلوں پر باہم مربوط ہیں۔وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا: ہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں کہ شام پر سے اقتصادی پابندیاں اٹھائی جائیں۔

(جاری ہے)

یہ اقدام ریاض سے کیا گیا اور ہم اس فیصلے کو ایک مثبت اور جرات مندانہ قدم سمجھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب شام کی معیشت کو سہارا دینے میں سب سے آگے ہوگا اور یہ وعدہ اس اہم ملاقات میں سامنے آیا جس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، امریکی صدر ٹرمپ، شامی صدر احمد الشرع اور ترک صدر رجب طیب ایردوآن شریک ہوئے۔فیصل بن فرحان نے پابندیوں کے خاتمے کو ایک اہم موڑ قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یورپی ممالک بھی جلد دمشق پر عائد پابندیاں ختم کریں گے تاکہ شام ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہو سکے۔