Live Updates

کشمیر کونسل یورپ نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے کوششیں تیز کردیں

جمعرات 15 مئی 2025 16:51

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء) کشمیر کونسل یورپ نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اٴْجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں اور یورپی حکام اور اہم یورپی شخصیات کے ساتھ اس سلسلے میں تازہ رابطے کئے ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ’’کشمیرکونسل یورپ‘‘ کے زیراہتمام کانفرنسوں، سیمیناروں اور مباحثوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے تاکہ کشمیری عوام کی آواز موثر طریقے سے عالمی برادری تک پہنچائی جاسکے۔

کونسل کے چیئرمین علی رضا سید نے اعلیٰ یورپی حکام بشمول صدر یورپی کمیشن ارسولا وون در لیین، صدر یورپی کونسل انٹونیو کوسٹا، یورپی پارلیمنٹ کی سربراہ روبرٹا مٹسولا اور اعلیٰ سفارتکار کاجا کالاس کو خطوط بھی لکھے ہیں جن میں ان کی توجہ جنوبی ایشیا کی سنگین صورتحال کی طرف دلائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

خط میں پاکستان پر بھارتی جارحیت کا ذکر بھی کیا گیا اور کہا گیا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل کی وجہ سے جنوبی ایشیا کا خطہ سخت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔

خط میں یورپی یونین پر زور دیا گیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا ، پاک بھارت تعلقات بہتر نہیںہوسکتے اور نہ ہی جنوبی ایشیا میںپائیدار امن و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات