Live Updates

پاک فوج ملک کی سلامتی اور خودمختاری کی علامت ہے،بشیر اللہ خان انقلابی

جمعرات 15 مئی 2025 16:52

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)حق دو تحریک مظفرآباد کے زیر اہتمام بھارتی افواج کی بڑھتی ہوئی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔سیمینار سے حق دو تحریک کے صدر بشیراللہ خان انقلابی، سرپرستِ اعلیٰ ارشاد عباسی، صدر خواتین ونگ بشراء بخاری، سینئر نائب صدر راجہ بشارت، سیکرٹری جنرل راجہ ساحل خان، صائقہ بخاری، اور سیاسی و سماجی رہنما چوہدری جمال نے خطاب کیا۔

مقررین نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی مسلسل اشتعال انگیزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔ صدر حق دو تحریک بشیراللہ خان انقلابی نے کہا کہ پاک فوج ملک کی سلامتی اور خودمختاری کی علامت ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی جارحیت نہ صرف انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی بھی سنگین پامالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہر مشکل گھڑی میں اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہیں۔دیگر مقررین نے بھی پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور آزاد کشمیر میں اشتعال انگیزی بھارت کے جارحانہ عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔سیمینار کے اختتام پر شہدائے وطن کے لیے دعائے مغفرت اور وطن عزیز کے استحکام و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات