پیٹرولیم لیوی 12 روپے فی لیٹر اضافے سے 90 روپے تک مقرر کرنے کی منظوری

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 1.87 روپے فی لیٹر بڑھ جائے گی، صارفین سے 34 ارب روپے اضافی وصول کیے جائیں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 15 مئی 2025 16:22

پیٹرولیم لیوی 12 روپے فی لیٹر اضافے سے 90 روپے تک مقرر کرنے کی منظوری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی 2025ء ) حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی 12 روپے فی لیٹر اضافے سے 90 روپے تک مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی، پہلے ہی پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر حکومت 78 روپے فی لیٹر ریکارڈ پیٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے آئل ریفائنریوں اور مارکیٹنگ کمپنیوں کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے گرینڈ پیکج تیار کیا ہے جس کے تحت ای سی سی نے پیٹرولیم لیوی 12 روپے فی لیٹر اضافے سے 90 روپے تک مقرر کرنے کی منظوری دیدی، جس کے تحت پیٹرولیم مصنوعات صارفین سے 34 ارب روپے اضافی وصول کیے جائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 1.87 روپے فی لیٹر بڑھ جائے گی، پیٹرول اور ڈیزل کے صارفین سے 1.87 روپے لیٹر 12 ماہ تک وصول کیے جائیں گے، پیٹرولیم ڈویژن اور وزارت خزانہ وزیر اعظم سے اجازت لے کر لیوی بڑھانے کی مجاز ہوگی، پیٹرولیم مصنوعات پر 3 تا 5 فیصد جی ایس ٹی نافذ کرنے کیلئے آئندہ بجٹ میں غور ہوگا، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز مارجن میں اضافہ مؤخر کردیا گیا، اس معاملے پر وزیر اعظم سے مشاورت ہوگی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ حکومت پہلے ہی رواں مالی سال کے 9 ماہ میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے ریکارڈ وصولیاں کر چکی ہے، رواں مالی سال کے 9 ماہ میں پٹرولیم لیوی کی مد عوام سے 833 ارب 84 کروڑ 70 لاکھ روپے وصول کیے جاچکے ہیں، اسی طرح رواں مالی سال کے 9 ماہ میں گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں 801 ارب روپے وصول کیے گئے، اس مدت میں قدرتی گیس ڈویلپمنٹ سرچارج کی مد میں وصولیاں 35 ارب 64 کروڑ 50 لاکھ رہیں، ان 9 ماہ میں ایل پی جی پر پٹرولیم لیوی کی مد میں وصولیاں 2 ارب 43 کروڑ 80 لاکھ روپے رہیں۔