Live Updates

دوبارہ سے غیر معمولی بارشوں اور سیلابی صورتحال کا خدشہ

ملک کے تمام صوبوں میں غیر معمولی بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات نے ایک مرتبہ پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 15 اگست 2025 20:30

دوبارہ سے غیر معمولی بارشوں اور سیلابی صورتحال کا خدشہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست2025ء) دوبارہ سے غیر معمولی بارشوں اور سیلابی صورتحال کا خدشہ، ملک کے تمام صوبوں میں غیر معمولی بارشوں کا امکان، محکمہ موسمیات نے ایک مرتبہ پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ خیبرپختونخوا، کشمیر، بالائی پنجاب، شمال مشر قی اور جنوبی بلو چستان، جنوب مشرقی سندھ اور گلگت بلتستان میں مزید بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے اور ہفتے کو بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کل شام یا رات کو شمال مشر قی اور جنوبی بلو چستان، جنو بی پنجاب اور جنوب مشرقی سندھ میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

بارش کی پیش گوئی کے ساتھ ساتھ بتایا گیا ہے کہ مزید بارشوں سے با لائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، خطہ پوٹھو ہار اور شمال مشرقی پنجاب کے مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شدید بارشوں، آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر کچے گھر اور دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں، سولر پینل وغیرہ کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کرم، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ،کرک، بنوں، ہنگو اور وزیرستان میں چند مقامات پر بارش کی امکان ہے۔

پنجاب کے حوالے سے بتایا گیا کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے تاہم راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، حافظ آباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواوئں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کل شام یا رات کو لیہ، بھکر، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گر ج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے علاقوں تھر پارکر، عمر کوٹ، مٹھی، بدین، دادو، میر پور خاص اور کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان کے علاقوں ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، بارکھان، سبی، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، خضدار، آواران اور لسبیلہ میں مطلع طور پر جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقا مات پر بارش کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات