میونسپل کارپوریشن تربت کے وفد کا سپرنٹنڈنٹ پولیس زوہیب محسن سے ملاقات

جمعرات 15 مئی 2025 18:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) چیئرمین میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی کی سربراہی میں میونسپل کارپوریشن تربت کے ایک وفد نے سپرنٹنڈنٹ پولیس زوہیب محسن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد نے انہیں ضلع کیچ میں نئی تعیناتی پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی و موثر خدمات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ملاقات میں چیئرمین بلخ شیر قاضی نے ضلع کیچ میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، بڑھتے ہوئے جرائم اور عوامی بے چینی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے زور دیا کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے پولیس گشت کو مزید فعال بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور ایک پرامن ماحول قائم کیا جا سکے ،ایس پی کیچ زوہیب محسن نے وفد کو یقین دلایا کہ امن و امان کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس جرائم کی بیخ کنی اور قانون کی بالادستی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی ۔عوامی حلقوں نے اس ملاقات کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ توقع کی جا رہی ہے کہ پولیس اور بلدیاتی نمائندوں کے مابین اس ہم آہنگی سے ضلع کیچ میں دیرپا امن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔