Live Updates

یونیورسٹی آف سرگودھا میں کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام اوپن ہاؤس اینڈ پراجیکٹ ایکسپو کا انعقاد

جمعرات 15 مئی 2025 19:35

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام اوپن ہاؤس اینڈ پراجیکٹ ایکسپو کا انعقاد کیا گیا ، جس میں فائنل ایئر کے طلبہ نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور فنی مہارتوں کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے جدید اور اختراعی منصوبے پیش کیے۔ایکسپو میں الیکٹریکل، مکینیکل اور سول انجینئرنگ کے طلبہ نے تقریباً 40 منصوبے پیش کیے جن میں آٹوموبائل انڈسٹری سے متعلق پارٹس، خودکار نظام، سسٹین ایبل انرجی سسٹمز، الیکٹریکل وہیکلز، جدید موٹرز، خوراک کی درجہ بندی کرنے والی مشین، مصنوعی جسمانی اعضا، سونے کی تلاش کا آلہ، ہائیڈرولک وٹراس بریج ماڈلز، سولر پینل کلینر، استعمال شدہ پلاسٹک بوتلوں سے تھری ڈی پرنٹنگ، اور سمارٹ سٹی ماڈلز شامل تھے۔

(جاری ہے)

پراجیکٹ ایکسپو کا افتتاح وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر محمد حارث عزیز، یونیورسٹی کے ڈینز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے طلبہ کے منصوبوں کا معائنہ کیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا یہ ایکسپو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے طلبہ نہ صرف نظریاتی تعلیم حاصل کر رہے ہیں بلکہ عملی میدان میں بھی جدید تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انجینئرنگ کے شعبے کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اس نوعیت کے ایونٹس نوجوانوں کو تحقیق، جدت اور تخلیقی سوچ کی طرف راغب کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا اپنے طلبہ کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم وتربیت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ ایسے پروگرامز نہ صرف طلبہ کو اعتماد فراہم کرتے ہیں بلکہ ایک مضبوط، خود کفیل اور ٹیکنالوجی پر مبنی پاکستان کی بنیاد رکھنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

وائس چانسلر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انجینئرنگ کے طلبہ کو انڈسٹری سے جوڑا جانا چاہیے تاکہ وہ مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی اختراعات کو فروغ دے سکیں۔پرنسپل کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، ڈاکٹر محمد حارث عزیز نے کہا کہ ہمارا مقصد طلبہ کو محض کتابی تعلیم تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں ایسے پلیٹ فارمز فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی تخلیقی سوچ، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت، اور ٹیکنیکل سکلز کو عملی صورت میں ڈھال سکیں۔

آج کے ایکسپو میں پیش کیے گئے منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہمارے طلبہ نہ صرف علمی طور پر مضبوط ہیں بلکہ ان میں تخلیقی صلاحیت اور جدت کا جذبہ بھی موجود ہے۔ ایکسپو میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی سرگودھا، گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی جوہرآباد، کپس کالج اور ہرا کالج کے طلبہ نے بھی شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات