بلوچستان نیشنل پارٹی نوشکی انجمن تاجران نوشکی کے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہے

جمعرات 15 مئی 2025 22:34

نوشکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2025ء) بلوچستان نیشنل پارٹی نوشکی کے ضلعی سیکریٹریٹ سے جاری ھونے والے بیان میں انجمن تاجران نوشکی کی جانب سے کل بمورخہ 16 مئی کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کی بلوچستان نیشنل پارٹی نوشکی نے مکمل حمایت کا اعلان کیا ھے۔ انجمن تاجران کے وفد نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی و مرکزی قائدین مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر و سابقہ ایم پی اے نوشکی بابو میر محمد رحیم خان مینگل مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر میر خورشید احمد جمالدینی سے ملاقات کی اور نوشکی میں ہونے والی افسوسناک واقعات پر انجمن تاجران کی طرف سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کے حمایت کی اپیل کی، جس پر پارٹی قائدین نے انکے اپیل کا مثبت جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نوشکی کے عوام کے مفاد میں آپکے شٹر ڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنانے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نوشکی میں بڑھتی ہوئی بد امنی اور خاصکر 14 مئی کو دن دھاڑے مسجد روڈ کے دکاندار کو زد و کوب کرنے اور ان سے خطیر رقم لوٹنے اور اسکے علاوہ مرکزی بازار سے گاڑی چوری ھونے و شدید گرمی میں بجلی اور پانی کے نا پید ھونے پر انجمن تاجران نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کل بروز جمعہ نوشکی بازار میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نوشکی نہ صرف ایسے حالات، چوری، ڈکیتی، بد امنی کی مذمت کرتی ھے بلکہ شدید گرمی میں بجلی کی ناجائز لوڈ شیڈنگ اور زندگی کی بنیادی سہولت پانی جیسی نعمت کی ناپیدگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نوشکی کے عوام، سیاسی و مذہبی جماعتوں اور دیگر تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کرتی ھے کہ اپنے لوگوں کی جان و مال کی تحفظ و بدامنی کے خلاف، اور زندگی کی بنیادی ضروریات کی حصول کے لیئے اٹھ کھڑے ہوں۔

کیونکہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نہ صرف خواب غفلت میں مبتلا ہیں بلکہ اپنی کرپشن اور بھتہ خوری کی غرض سے ھمارے پرامن شہر کو جان بوجھ کر چوروں اور ڈاکوؤں کے حوالے کر چکے ہیں۔ بیان میں تمام دکانداروں سے کل کے ہڑتال کو کا میاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ ہڑتال آپ تمام کے تحفظ اور بقا کی خاطر ھے اسے کامیابی سے ہمکنار کرنا نوشکی کے ہر شہری پر فرض ھے۔