Live Updates

ثنا عسکری نے پابندی کے باوجود بالی ووڈ میں کام کرنے کے خواہاں فنکاروں کو آڑے ہاتھوں لے لیا

جب آپ کو بھارت میں کام کرنے کی اجازت نہیں آپ کیوں وہاں کام کرنے جاتے ہیں، اداکارہ

جمعرات 15 مئی 2025 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)اداکارہ ثنا عسکری نے بھارت میں پاکستانی اداکاروں پر پابندی کے باوجود بالی ووڈ میں کام کرنے کے خواہاں فنکاروں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔اداکارہ ثنا نے حال ہی میں ڈیجیٹل پلیٹ پر ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں خواتین کو ملنے والی آزادی، حقوق، گھریلو و پیشہ ور خواتین کے کمانے کیلئے گھر سے نکلنے سمیت دیگر مسائل پر کھل کر بات کی۔

ثنا عسکری نے کہا مجھے سمجھ نہیں آتی کہ پابندی کے باوجود پاکستانی فنکار بھارت کیوں دوڑے چلے جاتے ہیں ۔اداکارہ نے پاکستان کے معروف، خوبرو اداکار و ماڈل فواد خان کا نام لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی حال ہی میں بھارت میں کام کیا مگر ان کی فلم پر پابندی لگ گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہاں آپ کو اور آپ کے کام کو عزت ملے وہیں پر فنکاروں کو کام کرنا چاہیے، بھارت چھینک مارنے کے لیے بھی بلاتا ہے تو پاکستانی فنکار دوڑے چلے جاتے ہیں۔

ثنا عسکری نے کہا کہ بھارت آپ کو عزت سے بلائے تو عزت سے جانا چاہیے، اگر وہ آپ کو عزت نہیں دے پا رہے تو آپ کو اپنے ملک میں ہی رہتے ہوئے کام کرنا چاہے۔اداکارہ نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں یہ سلسلہ دو طرفہ ہونا چاہیے، اگر آپ جا رہے ہیں تو بھارتی فنکاروں کو بھی پاکستان آنا چاہیے۔اداکارہ ثنا عسکری کے اظہارِ خیال پر مبنی یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے جسے صارفین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات