وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خواتین کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں:سپیکر ملک محمد احمد خان

جمعرات 15 مئی 2025 23:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2025ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ خواتین کے مسائل ترجیحی بنیادوں حل کرنے کے لئے ویمن کاکس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ خواتین کے مسائل موثر انداز میں اجاگر کرنے کے لئے ویمن کاکس میں تمام جماعتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو نمائندگی دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں ویمن پارلیمنٹری کاکس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ خواتین کا نقطہ نظر پیش کرنے کے لئے ویمن کاکس غیر معمولی طور پر موثر فورم ہے۔اس فورم پر پیش کئے گئے خواتین کے مسائل کا حل خواتین کی مشترکہ کوشش سے تلاش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ویمن کاکس کو مزید مضبوط اور بااختیار بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہ معاشرتی اور قانونی مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکے۔

(جاری ہے)

سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ویمن کاکس کے پلیٹ فارم سے دیگر صوبوں، خصوصاً سندھ اسمبلی اور آزاد کشمیر اسمبلی سے بھی رابطہ کیا جائے گا تاکہ بین الصوبائی سطح پر خواتین کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جا سکے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات قابل مذمت ہیں، اسے واقعات کی روک تھام کے لیے کاکس کو جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔

دیہی علاقوں میں خواتین کو باوقار قانونی معاونت کی اشد ضرورت ہے۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ اگر خواتین پر تشدد ہو رہا ہے یا ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے تو کاکس کو اس پر فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خواتین کے مسائل پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جب خواتین کی آواز مضبوط ہوگی تو ہی انہیں ان کے حقوق مل سکیں گے۔ انہوں نے تمام جماعتوں کے اس متفقہ فیصلے کا بھی حوالہ دیا کہ پارلیمنٹ میں خواتین کی نمائندگی میں کسی صورت کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ اجلاس کے دوران اراکین اسمبلی مہوش سلطانہ، عشرت اشرف، ذکیہ شاہنواز، عظمیٰ کاردار اور سونیا عاشر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔