شہری ،دیہی زندگی کے درمیان فرق کو ختم کرنا ترقی پذیر ممالک میں اہم چیلنج ہے، گورنر

بلوچستان کے تناظر میں ہم دونوں اعتبار سے پسماندگی کے شکار ہیں،جعفرخان مندوخیل

جمعرات 15 مئی 2025 21:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ شہری اور دیہی زندگی کے درمیان فرق کو ختم کرنا ترقی پذیر ممالک میں ایک اہم چیلنج ہے لیکن بلوچستان کے تناظر میں ہم دونوں اعتبار سے پسماندگی کے شکار ہیں. اس دو رخی چیلنج پر قابو پانے کیلئے ہمیں سنجیدہ کاوشوں بالخصوص ایک طویل المدتی جامع حکمت عملی کی اشد ضرورت ہے جو دور افتادہ اور پسماندہ اضلاع میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرے، بنیادی سہولیات فراہم کرے اور مستقبل قریب کی انسانی ضروریات کو پورا کرے جس کی بنیاد پر اجتماعی ترقی، خوشحالی اور مساوات کو ممکن بنایا جا سکتا ہی. یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ خدمت خلق کے پیش نظر منتخب پارلیمنٹرین اور لوکل باڈیز کے نمائندوں پر ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے اپنے فرائض انجام دیں. اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں ضلع اور یونین کونسل کی سطح پر ہر لنک کو مضبوط بنانے کیلیے مل کر کام کرنا ہوگا اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ صوبہ بلوچستان کا ہر فرد، ہر علاقہ اور ہر ضلع خوب ترقی کر سکے کیونکہ موجودہ حکومت ایک متوازن اور مساوی تعمیر و ترقی پر یقین رکھتی ہی. اس میں دور دراز علاقوں میں معیاری تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، صاف پانی کی فراہمی اور معاشی ترقی کے مواقعوں تک رسائی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترقی کی رفتار کو تیز کرنے اور ایک زیادہ مساوی معاشرے کی تشکیل کیلئے جدید ٹیکنالوجی، سائنٹفک ایجادات اور اجتماعی عمل کی طاقت کو بروئے کار لا سکتے ہیں۔ مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہم ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں جہاں ہر کوئی اپنی پوری صلاحیت تک پہنچ سکتا ہے۔