موجودہ حکومت متوازن اور مساوی تعمیر و ترقی پر یقین رکھتی ہے، مشترکہ کاوشوں کے ذریعہ ہم روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں ،گورنر بلوچستان

جمعرات 15 مئی 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ایک متوازن اور مساوی تعمیر و ترقی پر یقین رکھتی ہے، مشترکہ کاوشوں کے ذریعہ ہم ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں ،شہری اور دیہی زندگی کے درمیان فرق کو ختم کرنا ترقی پذیر ممالک میں ایک اہم چیلنج ہے جس پر قابو پانے کیلئے ہمیں سنجیدہ کاوشوں بالخصوص ایک طویل المدتی جامع حکمت عملی کی اشد ضرورت ہے جو دور افتادہ اور پسماندہ اضلاع میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرے، بنیادی سہولیات فراہم کرے اور مستقبل قریب کی انسانی ضروریات کو پورا کرے جس کی بنیاد پر اجتماعی ترقی، خوشحالی اور مساوات کو ممکن بنایا جا سکتا ہے، یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ خدمت خلق کے پیش نظر منتخب پارلیمنٹرین اور لوکل باڈیز کے نمائندوں پر ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے اپنے فرائض احسن طورسر انجام دیں۔

(جاری ہے)

ہمیں ضلع اور یونین کونسل کی سطح پر ہر لنک کو مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ صوبہ بلوچستان کا ہر فرد، ہر علاقہ اور ہر ضلع خوب ترقی کر سکے کیونکہ موجودہ حکومت ایک متوازن اور مساوی تعمیر و ترقی پر یقین رکھتی ہے،اس میں دور دراز علاقوں میں معیاری تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، صاف پانی کی فراہمی اور معاشی ترقی کے مواقع تک رسائی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترقی کی رفتار کو تیز کرنے اور ایک زیادہ مساوی معاشرے کی تشکیل کیلئے جدید ٹیکنالوجی، سائنٹفک ایجادات اور اجتماعی عمل کی طاقت کو بروئے کار لا سکتے ہیں۔ مشترکہ کاوشوں کے ذریعہ ہم ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں جہاں ہر کوئی اپنی پوری صلاحیت تک پہنچ سکتا ہے۔