رواں سال 2195 پیشہ ور گداگر گرفتار ،2170مقدمات درج کئے ،ترجمان لاہور پولیس

جمعرات 15 مئی 2025 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) لاہور پولیس کی جانب سے رواں سال بھکاریوں کے منظم گروہوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 2195 پیشہ ور گداگر وں کوگرفتار کر کے2170مقدمات درج کئے گئے ۔ ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں 2083مرد،100عورتیں جبکہ12سہولت کار شامل ہیں۔ سٹی ڈویژن میں 527ملزمان، کینٹ میں 474، سول لائنز میں 272،صدرمیں 249، اقبال ٹائون میں 232 اور ماڈل ٹائون میں 441 پیشہ وربھکاری گرفتارکئے گئے ہیں۔

سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں انسداد گداگری کے لئے بھر پور کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ گداگری پر زیرو ٹالرنس ہے، لاہور کو اس سماجی لعنت سے پاک کریں گے۔سی سی پی او نے گداگروں کے بھیس میں منشیات فروش و دیگر جرائم پیشہ افرادکے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بچوں اور عورتوں سے بھیک منگوانے والے منظم گروہوں اور سہولت کاروں کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورواورمحکمہ سوشل ویلفیئر کی ٹیموں کے ساتھ مل کر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ ٹریفک پولیس اہم شاہرائوں اور سگنلز پر بھکاری مافیا کے خلاف موثر کارروائیاں جاری رکھے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار گداگروں کے مقدمات کے جلد فیصلوں کیلئے انوسٹی گیشن ونگ متحرک کردار ادا کرے، پنجاب سیف سیٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک کے ذریعے پیشہ ور گداگروں پر مسلسل نظر رکھی جائے۔