Live Updates

ہماری بہادر افواج نے دشمن کو آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی شکست سے دوچار کیا،حمزہ شہباز

جمعہ 16 مئی 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن پر حاصل ہونے والی تاریخی فتح کے موقع پر منائے جانے والے یومِ تشکر پر سابق وزیراعلی پنجاب و سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز نے قوم سے اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہماری بہادر افواج نے دشمن کو آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی شکست سے دوچار کیا۔

بھارت کے غرور و تکبر کو خدائے بزرگ و برتر نے خاک میں ملا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج اقوامِ عالم پاکستان کے ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور امن پسندی کی تعریف کر رہی ہے جبکہ ہماری افواج کی جوابی کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا یا ہے۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ یہ معرکہ حق پوری قوم نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہو کر لڑا۔

(جاری ہے)

پوری قوم نے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ یکجہتی،استقامت اور قربانی کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطنِ عزیز کا دفاع کیا،شہدا وطن اس قوم کا مان ہیں جن کا قرض کبھی نہیں اتارا جا سکتا۔حمزہ شہباز نے شہدا کے والدین کو بھی سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان عظیم والدین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے جگر گوشوں کو اس وطن کیلئے قربان کیا،پوری قوم ان کی احسان مند ہے۔حمزہ شہباز نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور دشمنانِ وطن کے عزائم خاک میں ملاتا رہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات