Live Updates

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یومِ تشکر کی تقریب

تاریخی کامیابی پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین، ملک کی سلامتی ،شہداء کے لیے خصوصی دعائیں

جمعہ 16 مئی 2025 20:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بھارت کے خلاف افواجِ پاکستان کی تاریخی کامیابی پر یومِ تشکر انتہائی جوش و جذبے اور قومی ولولے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ملکی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

تقریب میں صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، تاجر و صنعتی برادری کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، جس کے بعد ملک و ملت کی ترقی، شہداء کے درجات کی بلندی، اور افواجِ پاکستان کی مزید کامیابیوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

(جاری ہے)

شرکاء نے وطن عزیز کی سرحدوں کے محافظ شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ ملک کی تاجر و صنعتی برادری افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تشکر صرف شکرگزاری کا دن نہیں بلکہ قوم کی اجتماعی افتخار، اتحاد اور افواجِ پاکستان سے بے لوث محبت کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کے خلاف حالیہ تاریخی کامیابی پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تیاری اور غیر معمولی حب الوطنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا اور دنیا بھر کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان ایک مضبوط، باوقار اور ناقابلِ تسخیر ملک ہے۔سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی خطرات ہوں یا اندرونی چیلنجز، ہماری افواج نے ہمیشہ جرات سے ان کا سامنا کیا اور حالیہ کامیابی ان کی شاندار تاریخ کا نیا باب ہے۔نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے کہا کہ پاک فوج کی بہادری، جذبہ قربانی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وطن عزیز کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی سے قوم کا حوصلہ بلند ہوا ہے اور قومی یکجہتی کو مزید فروغ ملا ہے۔لاہور چیمبر کے عہدیداران نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا گہرا تعلق قومی سلامتی سے ہے اور ایک مضبوط فوج ہی امن و خوشحالی کی ضمانت ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات