Live Updates

مظفرآباد، ریاست جموں کشمیری کہ عوام کو آزادی اور انصاف ملنے تک جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں،عزیر احمد غزالی

جمعہ 16 مئی 2025 21:28

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء) ریاست جموں کشمیری کہ عوام کو آزادی اور انصاف ملنے تک جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ حق خودارادیت کے مطالبے کے لیئے آزاد کشمیر بھر میں عوامی ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ پاسبان حریت جموں کشمیر ۔دارالحکومت مظفرآباد میں میڈیا کے نام جاری کیئے گئے ایک بیان میں چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی نے کہا ہیکہ حالیہ دنوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ نے ایک بار پھر دنیا پر واضح کردیا ہے کہ جب تک ریاست جموں کشمیر کے عوام کو سلامتی کونسل کی پاس شدہ قراردادوں کے مطابق اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع نہیں مل جاتا جنوبی ایشیاء پاک و ہند میں امن کا قیام ایک خواب ہی رہے گا۔

انہوں نے اقوامِ متحدہ، یورپی یونین، او آئی سی اور سلامتی کونسل کے ممبر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں پائیدار اور مستقل امن کے قیام کے لیے جموں کشمیر کے اندر آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے قیام کے لیے اپنی زمہ داریوں کو پورا کریں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ بھارت ستتر برسوں سے مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں لوگوں کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنا کر غلام بنائے رکھنے کی بدترین سوچ اور روش پر قائم ہے جب کہ جموں کشمیر کے عوام مسلسل حق خودارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب جب کہ دنیا پر واضح ہوگیا ہیکہ کہ جنوبی ایشیاء میں مسئلہ کشمیر کا حل نکالے بنا امن اور ترقی ممکن نہیں اس لیئے وقت آگیا ہے کہ بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ ضد ہٹ دھرمی اور فوجی لشکر کشی سے باز آتے ہوئے کشمیر کے عوام کو رائے شماری کے مطابق اپنے سیاسی مستقبل کے فیصلے کا حق دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کامیاب معرکہ بنیان مرصوص کی کامیابی سے مسئلہ کشمیر کے فلش پوائنٹ بن جانے کے بعد کشمیری عوام کو اپنی اجتماعی سیاسی بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے استصواب رائے کا مطالبہ پوری طاقت سے اٹھانا چاہیئے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاسبان حریت جموں کشمیر ماضی کی طرح ایک بار پھر تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں عوام کے پاس پہنچ کر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور حق خودارادیت کے مطالبے کیلئے عوامی تائید و حمایت حاصل کرے گی۔ انہوں اعلان کیا کہ 19 مئی ضلع جہلم ویلی کے ہٹیاں بالا سینٹرل پریس کلب کے سامنے ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ اسی طرح 24 مئی کو ضلع نیلم ویلی کے مرکز اٹھمقام میں بھی ریلی منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ کشمیر کی نازک ترین صورتحال میں اپنی آواز بلند کریں اور بھارتی جبرواسبتداد سے آزادی کے حصول کے لیے کردار ادا کریں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات