سرسید یونیورسٹی کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے یوم تشکر منایا

پاک فوج ہماری قومی سلامتی کی ضامن ہے نوجوان نسل نظم وضبط کو اپنائے اورجدید تعلیمی مہارتوں کے ساتھ ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں ،اکبرعلی خان

جمعہ 16 مئی 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)چانسلر سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اکبر علی خان نے کہاہے کہ پاک فوج ہماری قومی سلامتی کی ضامن ہے نوجوان نسل نظم وضبط کو اپنائے اورجدید تعلیمی مہارتوں کے ساتھ ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں ۔سرسید یونیورسٹی میں اظہار تشکر قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے دوران پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ''پاک فوج زندہ باد'' اور ''پاکستان زندہ باد'' کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ریلی میں سرسید یونیورسٹی کے چانسلر، اکبر علی خان نے خصوصی شرکت کی اور طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہماری قومی سلامتی کی ضامن ہے اور قوم کو ان پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو ملکی ترقی اور استحکام کے لیے اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

اس موقع پر رجسٹرار سید سرفراز علی سمیت یونیورسٹی کے ملازمین اور اساتذہ کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک ہوئی۔ تقریب کے اختتام پر دعا کی گئی جس میں ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔سرسید یونیورسٹی کی جانب سے اس تقریب کے کامیاب انعقاد پر طلبا اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا گیا۔