محکمہ فشریز کے زیر اہتمام ’’شرمپ ایکواکلچر ویلیو چین ڈویلپمنٹ ‘‘کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

ہفتہ 17 مئی 2025 15:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) محکمہ فشریز پنجاب کے زیر اہتمام ملتان میں ’’شرمپ ایکواکلچر ویلیو چین ڈویلپمنٹ ‘‘کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ہفتہ کو منعقدہ سیمینار کا مقصد شرمپ فارمنگ سے وابستہ افراد کو تربیت فراہم کرنا اور اس شعبے میں حکومت پنجاب کے اقدامات سے آگاہ کرنا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب رانا محمد سلیم افضل تھے۔

سیمینار میں شرمپ ایکواکلچر سے دلچسپی رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محکمہ فشریز پنجاب کے افسران کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ماہرین نے بھی شرکا سے خطاب کیا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ماہرین نے شرمپ ایکواکلچر ویلیو چین کے مختلف پہلووں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

اپنے تعارفی خطاب میں ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب رانا محمد سلیم افضل نے کہا کہ حکومت پنجاب شرمپ ایکواکلچر کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

راوا فارم پرائیویٹ لمیٹڈ کے کنسلٹنٹ، شعبہ شرمپ کے ماہر ڈاکٹر نورالہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شرمپ کا لائف سائیکل صرف 120 دنوں پر محیط ہوتا ہے، جس سے قلیل وقت میں زیادہ منافع اور زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے وہ علاقے جہاں زیرِ زمین پانی کھارا ہے اور روایتی فصلیں ممکن نہیں، شرمپ فارمنگ کے لیے موزوں ترین ہیں۔

چین سے تشریف لائے ماہر، مسٹر ایڈورڈ کے سی وونگ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہیچری کی اہمیت اور اس کی ویلیو چین میں کلیدی حیثیت کو اجاگر کیا۔تقریب کے میزبان، ڈائریکٹر جنرل فشریز اینڈ وائلڈ لائف ساتھ پنجاب، ڈاکٹر انصر محمود چٹھہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب شرمپ فارمنگ کے فروغ کے لیے جامع حکمتِ عملی پر کام کر رہی ہے، جس میں شرمپ فارمنگ کے لیے ایک مکمل ڈائریکٹوریٹ کا قیام بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت شرمپ ویلیو چین کے مختلف شعبہ جات، جیسے ہیچری، فیڈ ملز اور پروسیسنگ پلانٹس کے قیام کے لیے نہ صرف تکنیکی معاونت بلکہ مالی سہولتیں بھی فراہم کرے گی۔