ناران اور حویلیاں میں لگائے جانے والے ٹول پلازوں سے دونوں اضلاع کے افراد کو استثنیٰ حاصل ہو گا،کمشنر ہزارہ

ہفتہ 17 مئی 2025 17:13

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) کمشنر ہزارہ ڈویژن سید فیاض علی شاہ نے کہا ہے کہ ناران اور حویلیاں میں لگائے جانے والے ٹول پلازوں سے دونوں اضلاع کے افراد کو استثنیٰ حاصل ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو عوامی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف دیگر اضلاع سے آنے والی گاڑیوں بالخصوص سیاحوں سے ٹول ٹیکس وصول کیا جائے گا ، ان ٹول پلازوں سے حاصل ہونے والی آمدن اسی علاقے کی سڑکوں پر لگائی جائے گی،ٹول پلازوں کی تعمیر سے جہاں مقامی افراد کو فائدہ ہو گا اور علاقے میں خوشحالی آئے گی وہیں روز گار کے نئے مواقع بھی پیدا ہونگے،ٹول پلازوں کی تعمیر سے قبل متعلقہ علاقوں کی سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا اور کوئی بھی فیصلہ زبردستی عملدرآمد نہیں کروایا جائے گا۔

(جاری ہے)

کمشنر ہزارہ کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کا جلد ازجلد حل اولین ترجیح ہے،عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سروس ڈیلیوری سنٹر اور کمپیوٹرائز یشن آف لینڈ ریکارڈ میں نئی جدت لائی جائے گی تاکہ عوام کو بروقت سہولت میسر آ سکے۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ ہزارہ ڈویثرن صوبے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے،تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں،عنقریب ہزارہ کے مختلف اضلاع میں خود کھلی کچہریوں کا انعقاد کر کے عوام کے مسائل سنوں گا۔

متعلقہ عنوان :