کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی، مستثنیٰ علاقوں میں بھی فالٹ کے نام پر10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ شروع

کے الیکٹرک کے افسران کہتے ہیں لوڈ شیڈنگ تو ہوگی، احتجاج کرنا ہے تو کرو: حکومت فوری نوٹس لے ،تاجر رہنماء

ہفتہ 17 مئی 2025 18:08

کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی، مستثنیٰ علاقوں میں بھی فالٹ کے نام پر10 گھنٹے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء)کراچی میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی ایک بار پھر شہریوں کے لیے شدید اذیت کا باعث بن گئی۔ فنی خرابیوں کے نام پر مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے، جبکہ وہ علاقے جو گزشتہ 10 سال سے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ تھے، اب وہاں بھی بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے۔

اردو بازار، رتن تلاو، پریڈی اسٹریٹ اور فرئیر مارکیٹ جیسے اہم تجارتی علاقوں میں دن کے مختلف اوقات میں 10 گھنٹے طویل بجلی کی بندش سے نہ صرف کمرشل صارفین بلکہ عام شہری، مریض اور بزرگ افراد بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شدید گرمی اور حبس کے ماحول میں کئی افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہو چکے ہیں۔تاجروں کا کہنا ہے کہ کتابوں اور اسٹیشنری کی خریداری کے لیے آنے والے گاہک لوڈشیڈنگ کے باعث شدید پریشانی میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کاروبار ٹھپ ہو گئے ہیں اور کے الیکٹرک حکام کی جانب سے کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا جا رہا۔تاجر رہنما ساجد یوسف کے مطابق جب شہریوں نے لوڈشیڈنگ پر احتجاج کیا تو کے الیکٹرک کے افسران نے بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ تو ہوگی، احتجاج کرنا ہے تو کرو۔شہریوں اور تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری نوٹس لے اور کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ پالیسی پر نظرثانی کرے، ورنہ عوامی احتجاج کا دائرہ مزید پھیل سکتا ہے۔