Live Updates

پاکستان نے چین، افغانستان اور ایران کے راستے روس تک 6 تجارتی راہداریوں کی نشاندہی کردی

پاکستان سینٹرل ایشیا کو گرم پانیوں تک رسائی دینے کا خواہاں ہے، وفاقی وزیر مواصلات کی نائب روسی وزیر اعظم سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 17 مئی 2025 21:25

پاکستان نے چین، افغانستان اور ایران کے راستے روس تک 6 تجارتی راہداریوں ..
قازان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے چین، افغانستان اور ایران کے راستے سینٹرل ایشیا، یورپ اور روس تک 6ممکنہ تجارتی راہداریو ں کی نشاندہی کر دی ہے جس کے مطابق کراچی سے ماسکو بذریعہ چین اور قازقستان، گوادر سے افغانستان کے ذریعے ماسکو اور ترکمانستان اور ایران سے آذربائیجان اور روس تک کے روڈ نیٹ ورک شامل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قازان فورم کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان ساؤتھ ایشیا اور سینٹرل ایشیا کے مابین ٹرانزٹ پوائنٹ نہیں بلکہ اکنامک برج کے طور پر کام کرنا چاہتا ہے اسی لئے گزشتہ برسوں میں ہونے والے کئی ایک معاہدوں سمیت شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان فعال انداز میں کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مزار شریف سے کوہاٹ ریل کے منصوبے پر 633 ملین ڈالر کی خطیر لاگت آئے گی جبکہ پاکستان سینٹرل ایشیا کو گرم پانیوں تک رسائی دینے کا بھی خواہاں ہے ، اسی طرح گوادر پورٹ سے کارگو اور شپمنٹ کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مواصلات کے شعبے میں پاکستان نارتھ ٹو سائوتھ اشتراک میں گہری دلچسپی رکھتا ہے جبکہ پاکستان میں سکھر۔

حیدرآباد موٹروے ایم۔6 سرمایہ کاری کے لئے پر کشش منصوبہ ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2023 سے نیشنل لاجسٹک سیل کا ادارہ ازبکستان اور قازقستان کے لئے کارگو سروس فراہم کر رہا ہے جبکہ پاکستان میں تجارت کے فروغ کے لئے گزشتہ سال اگست سے 126ممالک کے لئے ویزاآن آرائیول کی سہولت متعارف کرا دی گئی ہے۔ انہوں نے قازان فورم سے اپنے خطاب میں کراچی، کوئٹہ اور گوادر سے سینٹرل ایشیا اور یورپ تک روڈ سے منسلک ہونے کے بارے میں مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ایران کے راستے روس کے لئے ریلوے ٹرین کے پائلٹ پراجیکٹ پر بھی کام ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے قازان فورم کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستان کی طرف سے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور روس کے نائب وزیر اعظم مرات خسنولن اور روسی وزیر ٹرانسپورٹ رومن اسٹاروویٹ کی میزبانی پرروس کے صدر ویلادی میر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں روس کے نائب وزیر اعظم مرات خسنولن اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کے مابین وفود کے ہمراہ ملاقات اور مشترکہ اجلاس منعقد ہوئے جس میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور بالخصوص مواصلات کے شعبے میں سرمایہ کاری سمیت اہم امور پر بات چیت ہوئی۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان روس سے وسیع اشتراک میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ رشین فیڈریشن کے نائب وزیر اعظم مرات خسنولن نے اپنی گفتگو میں کہا کہ خطے میں ہمہ جہتی ترقی اور باہمی تعاون چاہتے ہیں، قازان فورم میں پاکستان کی نمائندگی خوش آئند امر ہے جبکہ روس پاکستان سے معاشی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے روس کے نائب وزیر اعظم مرات خسنولن سے پاکستان کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان خطے میں امن کا داعی اور عدم جارحیت کا حامی ہے اسی لئے حالیہ صورتحال میں پاکستان نے انتہائی تحمل، دور اندیشی اور معاملہ فہمی سے کام لیا۔ مرات خسنولن اور عبدالعلیم خان کے مابین ملاقات میں انتہائی گرمجوشی اور والہانہ جذبات کا اظہار کیا گیا اور پاکستان اور روس کے مابین مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات