نوجوان نسل کو سیرت النبیﷺ سے جوڑنا ضروری ہے، احسن اقبال

حکومت نے ملک میں نو سیرت چیئرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تقریب سے خطاب

ہفتہ 17 مئی 2025 21:58

نوجوان نسل کو سیرت النبیﷺ سے جوڑنا ضروری ہے، احسن اقبال
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا میں قیام امن اور سماجی و معاشی مسائل کے حل کے لیے سیرت النبیﷺ کو عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت ہے۔لیڈرشپ، گورننس، انسانی حقوق، کاروبار، تجارت سمیت تمام شعبوں میں قران و سنت سے رہنمائی لینے کے لئے حکومت نے ملک میں نو سیرت چیئرز قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

لاہور میں سیرت سینٹر کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضور اکرمﷺ کی زندگی انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔احسن اقبال نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں نو سیرت چیئرز قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ان چیئرز کے قیام کا مقصد لیڈرشپ، گورننس، انسانی حقوق، سماجی انصاف اور فلاح و بہبود، کاروبار، تجارت، علم اور تعلیم، خواتین کے حقوق کا تحفظ، عالمی سطح پر قیام امن، بین المذاہب ہم آہنگی، پائیدار بنیادوں پر ترقی اور ماحولیات سے متعلق مسائل کے حل کے لیے قرآن و سنت سے رہنمائی لینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونے سے نوجوان نسل کو سیرت النبیﷺ سے جوڑنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ نو سیرت چیئرز کے لیے نو بہترین سکالرز کو مدعو کر کے ان شعبوں میں تحقیق کی جائے گی اور موجودہ دور کے مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا۔