خیبرپختونخواہ کا سولر پینل منصوبہ کمیشن مافیا کی نذر ہوگیا، عظمیٰ بخاری کا الزام

خیبر پختوانخواہ حکومت کو دئیے گئے فنڈز کے آڈٹ تک وفاق مزید ایک دھیلہ نہ دے؛ وزیراطلاعات پنجاب کا مطالبہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 18 مئی 2025 17:55

خیبرپختونخواہ کا سولر پینل منصوبہ کمیشن مافیا کی نذر ہوگیا، عظمیٰ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2025ء ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ حکومت کا سولر پینل منصوبہ کرپشن اور کمیشن مافیا کی نذر ہوگیا، آٹھ ماہ قبل علی امین گنڈاپور نے اس منصوبے کا اعلان کیا تھا تاہم منصوبے کے پی سی ون کی منظوری سے قبل ہی ٹینڈر جاری کر دئیے گئے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخواہ حکومت کا یہ منصوبہ مبینہ طور پر دو ارب روپے کی کمیشن کی نذر ہو چکا ہے، خیبرپختونخواہ میں کوئی بھی عوامی مفاد کا منصوبہ مکمل نہیں ہوتا اور اگر کوئی منصوبہ بن بھی جائے تو وہ حصے وصول کرنے والوں کی لڑائی کی نذر ہو جاتا ہے، خیبرپختوانخواہ حکومت کی تمام کارکردگی صرف بیانات اور بھڑکوں تک محدود ہے، خیبرپختونخواہ کے عوام کا پیسہ صرف احتجاجی تحریکوں پر خرچ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ ’’تبدیلی‘‘اور’’سونامی‘‘جیسے شگوفوں نے پختونوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، علی امین گنڈاپور کے کریڈٹ پر صرف وفاق اور پنجاب پر تین ناکام حملے ہیں، خیبر پختوانخواہ حکومت کو دئیے گئے تمام فنڈز کا وفاق فوری آڈٹ کروائے اور جب تک پچھلے فنڈز کا حساب نہیں دیا جاتا، وفاقی کو چاہیئے کہ خیبرپختونخواہ حکومت کو مزید ایک دھیلہ نہ دیا جائے۔