Live Updates

پاکستان پر حملے کے بعد بھارتی فضائیہ نے کتنے طیارے کھوئے؟ راہول گاندھی کا مودی حکومت سے سوال

اگر واقعی حملے سے پہلے پاکستان کو آگاہ کیا گیا تو یہ ایک سنگین سکیورٹی معاملہ ہے، حکومت کی یہ پالیسی ملکی سلامتی کے خلاف ہے؛ بھارتی اپوزیشن لیڈر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 18 مئی 2025 18:20

پاکستان پر حملے کے بعد بھارتی فضائیہ نے کتنے طیارے کھوئے؟ راہول گاندھی ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی 2025ء ) بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ پاکستان پر حملے کے بعد بھارتی فضائیہ نے کتنے طیارے کھوئے؟۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی اپوزیشن لیڈر نے یہ سوال بھارت کے وزیر خارجہ جے شنکر کے اس بیان کے بعد اٹھایا جس میں انہوں نے تسلیم کیا کہ حملے سے قبل پاکستان کو مطلع کیا گیا تھا، جے شنکر کے بیان نے نا صرف سیاسی بلکہ عسکری حلقوں میں بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

اس معاملے پر راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ اگر واقعی حملے سے پہلے پاکستان کو آگاہ کیا گیا تو یہ ایک سنگین سکیورٹی معاملہ ہے، اور عوام کو بتایا جائے کہ ایسا کرنے کا اختیار کس نے دیا، حکومت کی یہ پالیسی ملکی سلامتی کے خلاف ہے، وزیر خارجہ کا یہ اعتراف تشویش ناک ہے اور اس پر خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی جاننے کا مطالبہ کیا کہ حملے کے بعد بھارتی فضائیہ کو کس قدر نقصان پہنچا؟۔

(جاری ہے)

اسی طرح عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور رکن پارلیمان سنجے سنگھ نے وزیر خارجہ کے بیان پر حیرت اور برہمی کااظہار کرتے ہوئے حکومت پر فوج اور ملک کے عوام کے ساتھ غداری کا الزام عائد کیا ، انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ جے شنکر خود کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے آپریشن سیندور سے پہلے ہی پاکستان کو بتادیاتھا، یہ بہت ہی سنگین معاملہ ہے، وزیراعظم مودی کو ملک کے سامنے آکر بتانا چاہئے کہ ان کی حکومت نے ہندوستان اور ہندوستان کی فوج کے ساتھ یہ غداری کیوں کی؟۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات