Live Updates

پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 74 ویں سالگرہ

چائنہ سٹڈی سنٹر پشاور یونیورسٹی اور پاکستان چائنہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے تقریب کا انعقاد

ہفتہ 17 مئی 2025 22:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء)پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 74 ویں سالگرہ کے سلسلے میں چائنہ سٹڈی سنٹر پشاور یونیورسٹی اور پاکستان چائنہ فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے چائنہ سٹڈی سنٹر میںایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے اس موقع پر کیک کاٹا۔

تقریب میںوائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی، پاکستان چائنہ فرینڈشپ ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری سید علی نواز گیلانی، چائنہ سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نور ثناء الدین، جامعہ کے اساتذہ، طلبہ اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی سید قاسم علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اورچین کے گہرے تعلقات پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران چین نے جس طرح پاکستان کا ساتھ دیا اس سے دونوں ممالک کی دوستی کا ثبوت ملتا ہے۔ چائنہ اسٹڈی سنٹر کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے مابین وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ عوامی سطح پر رابطوں سے یہ تعلقات مزید گہرے اور مضبوط ہوں گے۔

اس موقع پر سید علی نواز گیلانی نے پشاور اور چین کے شہر ارومچی کو تقریبا ً40 سال قبل جڑواں شہر قرار دینے میں صوبائی وزیر سید قاسم علی شاہ کے والد سید علی شاہ کی بطور میئر پشاور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وی سی پشاور اور ڈائریکٹر چائنہ سٹڈی سنٹر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ قبل ازیںتقریب میں حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کی تاریخی فتح حاصل کرنے پر یوم تشکر بھی منایا گیا ۔ وطن عزیز کے شہداء کے لیے دعا کی گئی اور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات