Live Updates

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہائی بلڈ پریشر کا عالمی دن منایا گیا

تمباکو نوشی اور الکحل سے پرہیز کریں،یہ دونوں عوامل بلڈ پریشر کو بڑھا سکتے ہیں،ماہرین

ہفتہ 17 مئی 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء)پاکستان سمیت دنیابھرمیں 17مئی کو ہائی بلڈ پریشر (hypertension) کا عالمی دن منایا گیا۔ اس سال کا موضوع : "اپنا بلڈ پریشر درست طریقے سے ناپیں، اسے قابو میں رکھیں، اور لمبی زندگی گزاریں!"تھا۔ہائی بلڈ پریشر کے عالمی دن کا مقصد ہائی بلڈ پریشر کی بروقت تشخیص اور مثر کنٹرول کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر کو اکثر "خاموش قاتل" کہا جاتا ہے کیونکہ یہ بغیر کسی واضح علامات کے دل، دماغ، گردوں اور دیگر اعضا کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق، دنیا بھر میں 1.13 ارب سے زائد افراد ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں، جن میں سے بہت سے افراد اس سے لاعلم ہیں ۔پاکستان میں ہائی بلڈ پریشر ایک سنگین مسئلہ ہے، جہاں لاکھوں افراد اس بیماری کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

ماہرین صحت کے مطابق، نوجوانوں میں بھی ہائی بلڈ پریشر کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو کہ طرزِ زندگی میں تبدیلیوں، ذہنی دبا، اور غیر صحت بخش خوراک کا نتیجہ ہے ۔بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے کیلئے ماہرین تجویز دیتے ہیں کہ صحت مند وزن برقرار رکھیں کیونکہ جسمانی وزن کو مناسب حد میں رکھنا دل پر دبائو کم کرتا ہے۔پھل، سبزیاں، کم چکنائی والی ڈیری مصنوعات، اور کم نمک والی متوازن غذائوں کا استعمال کریں۔

روزانہ ورزش کریں اورروزانہ کم از کم 30 منٹ کی جسمانی سرگرمی بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں مددگار ہے۔ماہرین کے مطابق تمباکو نوشی اور الکحل سے پرہیز کریں،یہ دونوں عوامل بلڈ پریشر کو بڑھا سکتے ہیں۔ذہنی دبائو کو کم کریں، یوگا، گہری سانسیں، اور مراقبہ جیسے طریقے ذہنی سکون فراہم کرتے ہیں ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات