Live Updates

پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے 27ویں میچ کے دوران راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک پروقار اور جذبات سے بھرپور تقریب کا انعقاد

اتوار 18 مئی 2025 01:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 27ویں میچ کے دوران راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک پروقار اور جذبات سے بھرپور تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد آپریشن "بنیان مرصوص" کی کامیابی پر پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خصوصی شرکت کی۔

اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین کرکٹ نے ان شخصیات کا کھڑے ہو کر اور پرجوش نعروں کے ساتھ استقبال کیا اور پاک افواج سے اپنی والہانہ عقیدت اور محبت کا اظہار کیا۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس نے اسٹیڈیم کے ماحول کو قومی یکجہتی کے جذبے سے بھر دیا۔

(جاری ہے)

کھلاڑیوں اور آفیشلز نے مسلح افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

میچ کے آغاز سے قبل شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا اور شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ پہلی اننگز کے خاتمے کے بعد معروف گلوکار ساحر علی بگا اور اسرار احمد نے جذبہ حب الوطنی سے لبریز ملی نغموں کی شاندار پرفارمنس پیش کی جس نے حاضرین کے جوش و خروش کو مزید بڑھا دیا۔ یہ یادگار تقریب ایک شاندار آتش بازی کے مظاہرے پر اختتام پذیر ہوئی جس نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا دیا۔

فضا میں بلند ہوتے رنگین فوارے اس قومی جشن کی خوشیوں کو دوبالا کرتے رہے اور حاضرین دیر تک اس خوبصورت لمحے کو یادگار بناتے رہے۔ یہ تقریب نہ صرف ایک کرکٹ میچ کا حصہ تھی بلکہ پوری قوم کی جانب سے اپنے محافظوں کو سلام پیش کرنے کا عملی اظہار بھی تھی۔ تقریب کے میزبان حمزہ عباسی نے اعلان کیا کہ پاکستان سپر لیگ کے تین دن آرمی، نیوی اور ائیر فورس کے نام کر دیئے گئے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات